گلگت اور مضافات میں بارشوں کا سلسلہ جاری، لینڈسلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے پر ٹریفک معطل

گلگت(بولونیوز)گلگت اور مضافات میں بارش و لینڈسلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگئی ، جس سے مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

گلگت اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا، بارشوں کے بعد مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

ضلع دیامر چلاس میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم بوشی داس اور بھاشا کے مقامات پر بند ہو گئی، شاہراہ کی بندش کے باعث ہر قسم کی ٹریفک معطل ہے اور سڑک کے دونوں اطراف مسافر گاڑیوں اور مال بردار ٹرکوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

سب ڈویژن جگلوٹ ڈموٹ شنگ کے مقام پر اس وقت شدید سیلابی صورتحال ہے۔ سیلابی ریلے کے باعث جگلوٹ شہر کا مرکزی واٹر چینل (نالہ) بہہ گیا ہے۔

واٹر چینل کے تباہ ہونے سے پورے علاقے کو آبپاشی اور دیگر مقاصد کے لیے پانی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہو گئی ہے، جس سے مقامی زراعت کو شدید نقصان کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

جگلوٹ شہر کے نمبردار اعلیٰ نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور فلاحی اداروں سے واٹر چینل کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مقامی آبادی کو بھی تاکید کی ہے کہ وہ پانی کی فراہمی کے اس اہم ترین نظام کی بحالی کے لیے کسی سرکاری امداد کا انتظار کیے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر جمع ہوں اور کام شروع کریں۔

ریلیف ذرائع کے مطابق خوش قسمتی سے ان بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *