معدنی راہداری کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کا فیصلہ، وزیراعظم کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی اجلاس

کوئٹہ(بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بلوچستان اپیکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے معدنی راہداری (منرل کوریڈور) کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات اور انسداد دہشتگردی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ بلوچستان کے رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور کو تعینات کر کے خصوصی سیکیورٹی کوریڈور قائم کیا جائے، جس میں اضافی ایف سی ونگز، ہائی ویز پر چیک پوسٹس، جدید نگرانی نظام اور بارڈر پوسٹس شامل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور بلوچستان میں محفوظ ماحول غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی میرٹ اور شفافیت پر مبنی اقدامات کو بھی سراہا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے تمام ادارے فعال ہیں، جبکہ صحت و تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق نومبر 2024 کے بعد بلوچستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ 99 فیصد اسکول فعال ہیں، جبکہ شمسی توانائی منصوبے سے 15 ہزار سے زائد گھرانوں کو فائدہ پہنچا ہے اور اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، جبکہ شرکاء نے ترقیاتی اور سیکیورٹی اقدامات پر مکمل اتفاق کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *