ملالہ یوسفزئی، پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے پُرامید ہوں
لندن(بولونیوز)نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے بہت پُرامید ہیں، کیونکہ نوجوان جدید علوم کے ذریعے ملک کی ترقی کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔
لندن میں منعقدہ ورلڈ ایجوکیشن فورم سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ ترقی کے سفر میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے کانفرنس کے دوران فلسطین، لبنان اور افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتحال پر بھی بات کی۔
ملالہ نے کہا کہ فلسطینی طالبات اپنے مسائل کو بہتر سمجھتی ہیں اور ان کے حل بھی جانتی ہیں، جبکہ افغانستان میں لڑکیاں مشکلات کے باوجود خفیہ طور پر تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے طلبہ کے ساتھ ایک گول میز اجلاس میں شرکت کی اور کوئز مقابلے میں بھی حصہ لیا۔ کانفرنس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے تعلیم نے بھی شرکت کی۔
ملالہ یوسفزئی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور انہیں جدید تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔


