کورنگی کے اسکول میں انجیکشن لگنے کے بعد متعدد بچوں کی طبیعت خراب، والدین میں تشویش
کراچی(بولونیوز)کورنگی نمبر 1 میں واقع گورنمنٹ پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول کے ٹی ایس 11 میں پولیو اور پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کے لیے مبینہ طور پر لگائے گئے انجیکشن کے بعد متعدد بچوں کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
والدین کے مطابق انجیکشن لگنے کے کچھ دیر بعد بچوں میں متلی، الٹی، پیٹ درد اور شدید کمزوری جیسی علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد بعض بچوں کو اسکول سے گھر بھیج دیا گیا۔ واقعے کے بعد بڑی تعداد میں والدین اسکول پہنچ گئے اور شدید تشویش کا اظہار کیا۔
والدین نے الزام عائد کیا کہ انہیں بچوں کو ویکسین یا انجیکشن لگانے سے قبل نہ تو آگاہ کیا گیا اور نہ ہی کوئی تحریری اجازت لی گئی۔ انہوں نے استعمال ہونے والے انجیکشن اور ادویات کی فوری جانچ اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ماہرین صحت کے مطابق پولیو ویکسین عام طور پر قطروں کی شکل میں دی جاتی ہے، جبکہ پیٹ کے کیڑوں کے علاج کے لیے زیادہ تر ادویات گولی یا سیرپ کی صورت میں استعمال ہوتی ہیں، جس کے باعث اس معاملے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
تاحال اسکول انتظامیہ اور متعلقہ صحت حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے۔


