کمشنر کراچی کا عیدالضحیٰ پر سڑکوں اور کھلی جگہوں پر آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
کراچی(بولونیوز)کمشنرکراچی آفس میں عیدالضحیٰ کےموقع پرقربانی کےجانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمشنر کراچی نے کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالضحیٰ کے دوران سڑکوں اور کھلی جگہوں پر آلائشیں پھینکنے اور انہیں پھاڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر کراچی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام اضلاع میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ویجیلنس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو صفائی ستھرائی اور آلائشیں بروقت اٹھانے کے انتظامات کو یقینی بنائیں گی۔
مزید فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں پر آلائشیں پھینکنے یا پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے کمشنر کراچی ریسکیو سروس 1299 پر آلائشوں سے متعلق شکایات درج کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی کو صاف اور صحت مند رکھنے کے لیے تمام ادارے ہم آہنگی سے کام کریں گے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔


