فیصلے اب ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
کراچی(بولونیوز)کراچی میں جمعیت علمائے اسلام نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب فیصلے ایوان میں نہیں بلکہ میدان میں ہوں گے۔ اس سلسلے میں 22 مئی کو ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
کراچی میں وحدتِ امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کے دکھ درد میں ساتھ ہیں اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ویسے ہی ڈاکوؤں کے ہاتھ میں ہے، جبکہ صدرِ پاکستان آئینی طور پر مستثنیٰ ہیں اور ان کے خلاف زندگی بھر مقدمہ نہیں ہو سکتا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم آئین کے وفادار ہیں، اگر آئین توڑا جاتا ہے تو ملک کی تباہی کے ذمہ دار حکمران ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعیت علمائے اسلام کی قربانیوں کے باعث پاکستان قائم ہے، ہمارے علما، کارکنان اور عہدیداروں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور وہ نشانہ بنتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری نظام کے تحت الیکشن لڑتے ہیں، مگر ہمیں دھاندلی کے ذریعے باہر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ “مجھے جو بھی قتل کرے گا، میں اس سے بدلہ نہیں لوں گا، میرے قتل کی ذمہ دار ریاست ہوگی۔”
حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پیٹرول 16 فیصد جبکہ پاکستان میں 61 فیصد مہنگا ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران سے تیل درآمد کرنے کا معاہدہ کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔


