عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی توقع، امریکی وزیر خزانہ کی خوش خبری
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے عالمی منڈی میں تیل اور پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے مہینوں میں توانائی کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ سکتی ہیں۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ تیل کی ترسیل میں تعطل وقتی نوعیت کا ہوتا ہے اور آبنائے ہرمز کی بندش بھی ایک عارضی معاملہ ہے، جس کے باعث حالیہ دنوں میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب شی جنپنگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ امریکا اور چین کو ایک دوسرے کا حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے۔
اسی دوران امریکی وزیر خزانہ نے سی این بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ چین آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ چینی معیشت کا بڑا انحصار خلیجی ممالک کے تیل پر ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت ریکارڈ سطح پر تیل پیدا کر رہا ہے اور مسلسل پمپنگ جاری رکھے گا، جس کے نتیجے میں نہ صرف توانائی کی قیمتوں بلکہ مہنگائی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں پائی جانے والی بے یقینی عارضی ہے اور جیسے ہی سپلائی کے راستے مکمل طور پر بحال ہوں گے، تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہونا شروع ہو جائے گا۔


