شاہراہ بھٹو اس ماہ مکمل کھول دی جائے گی، سفر میں ایک گھنٹے کی بچت ہوگی: شرجیل انعام میمن
کراچی(بولونیوز)شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو کو اس ماہ مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، جس کے بعد شہریوں کو سفری سہولتوں میں نمایاں بہتری حاصل ہوگی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو کو M-9 موٹروے سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو سفر میں تقریباً ایک گھنٹے کی بچت ہوگی۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کے لیے ایک “گیم چینجر” ثابت ہوگا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی پورٹ سے تاج حیدر پل تک بھی ایک نئی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے، جس سے شہر میں کنیکٹیویٹی مزید بہتر ہوگی اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے مطابق کراچی میں محکمہ بلدیات اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ترقیاتی منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔


