کیمبرج امتحانات کا پرچہ آؤٹ ہونے کا انکشاف، والدین میں تشویش
کراچی(بولونیوز)کیمبرج انٹرنیشنل امتحانات کے بزنس اسٹڈیز (9609/22) کے پرچے کے مبینہ طور پر لیک ہونے کے معاملے پر والدین نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امتحانی پرچہ مبینہ طور پر امتحان سے تقریباً تین گھنٹے قبل ہی لیک ہو گیا، جس کے بعد پرچے کی غیر قانونی فروخت واٹس ایپ گروپس اور ریڈٹ پر جاری رہی۔ والدین نے اس حوالے سے برٹش کونسل کو ای میل کے ذریعے باضابطہ شکایت بھی ارسال کی ہے۔
والدین کا مؤقف ہے کہ بروقت اطلاع کے باوجود تاحال کوئی ٹھوس کارروائی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث سخت محنت کرنے والے طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں طلبہ کی محنت اور میرٹ متاثر ہو رہا ہے۔
متاثرہ طالبہ نے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مستقبل اور یونیورسٹی داخلہ انہی امتحانات پر منحصر ہے، اس لیے انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب والدین نے دعویٰ کیا ہے کہ پرچہ لیک ہونے سے متعلق تمام شواہد برٹش کونسل کو ای میل کے ذریعے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
برٹش کونسل کی جانب سے ابتدائی ردعمل میں کہا گیا ہے کہ امتحانات کی سیکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے اور تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر جانچا جاتا ہے۔ ادارے کے مطابق معاملے کو متعلقہ امتحانی بورڈ کو مزید جائزے کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور پیپر لیک سے متعلق الزامات کی مکمل جانچ جاری ہے۔


