فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں کروڑوں کی خردبرد،50 لاکھ روپےبرآمد،ریکوری 85 لاکھ تک پہنچ گئی

پاکپتن(بولونیوز)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر خردبرد کے مقدمے میں مزید 50 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں، جس کے بعد مجموعی ریکوری 85 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ انہی احکامات کی روشنی میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان و ساہیوال بشارت نبی کی نگرانی میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں خردبرد کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پاکپتن میں درج مقدمہ نمبر FIR 09/26 (مورخہ 18-04-2026) بجرم دفعہ 409 تعزیراتِ پاکستان کے تحت ملوث ملزم ذیشان افضل (فوڈ گرین انسپکٹر) کو 5 مئی 2026 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دورانِ جسمانی ریمانڈ، آج 10 مئی 2026 کو ملزم سے مزید 50 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسی مقدمے میں 35 لاکھ روپے کی ریکوری ہو چکی تھی، یوں اب تک مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے (8.5 ملین روپے) قومی خزانے میں واپس جمع کروائے جا چکے ہیں۔ مزید ریکوری اور تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر بشارت نبی کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتھک محنت اور دیانتداری کے باعث اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ان کی قیادت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال سمیت مختلف علاقوں میں ان کی کارکردگی ریکارڈ مالی ریکوریز اور ادارے کی ساکھ میں اضافے کا باعث بنی۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے اس شاندار کارکردگی پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال بشارت نبی، متعلقہ افسران اور تحقیقاتی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں تاکہ قومی وسائل کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *