ایرانی سپریم لیڈر کی فوجی قیادت سے ملاقات، نئی ہدایات جاری
تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ایرانی سپریم لیڈر نے فوجی قیادت سے ملاقات کے دوران نئی اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ایرانی مسلح افواج کی متحدہ کمانڈ کے سربراہ علی عبداللہی نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور دفاعی تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپریم لیڈر نے فوجی کارروائیوں کو جاری رکھنے اور دشمنوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کے لیے نئی رہنما ہدایات جاری کیں۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی نے سپریم لیڈر کو ملک کی مسلح افواج کی مجموعی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی، تاہم رپورٹ میں ملاقات کی تاریخ ظاہر نہیں کی گئی۔
فارس نیوز کے مطابق علی عبداللہی نے اس موقع پر کہا کہ “ایرانی مسلح افواج امریکی اور صہیونی دشمنوں کی کسی بھی ممکنہ کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔”
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ “اگر دشمن کی جانب سے کوئی غلطی کی گئی تو ایران کا جواب فوری، سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔”
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیانات خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران کے سخت دفاعی مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔


