ایئر سیال کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
کراچی(بولونیوز)کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز خراب موسم کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی سےاسلام آباد جانےوالی پرواز PF-125 شدید خراب موسمی صورتحال کے باعث تقریباً آدھے گھنٹے تک ہچکولے کھاتی رہی۔ صورتحال کے پیش نظر کپتان نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے اسلام آباد میں لینڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور طیارے کو بحفاظت سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اتار دیا۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد مسافروں نےایئر سیال کی اسی پرواز میں مزید سفر سے انکار کر دیا، جبکہ نجی ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے سفر جاری رکھنے پر اصرار کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق جب ایئرلائن نے مسافروں کو طیارے سے باہر نکلنے سے روکا تو مسافر اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ انہیں طیارے سے باہر نکلنے دیا جائے کیونکہ وہ اس پرواز کے ذریعے اسلام آباد نہیں جانا چاہتے۔واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر کشیدہ صورتحال رہی، جبکہ مسافروں نے اپنی حفاظت کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔


