معرکۂ حق اورآپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل
سرگودھا(بولونیوز) افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کی مرکزی تقریب اور ریلیسرگودھا میں معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مرکزی تقریب اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ارم حامد حمید، میاں اکرام الحق، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص حق، قومی غیرت اور اتحاد کی عظیم فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیے اور قوم کو دفاعی میدان میں تاریخی کامیابی دلائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا نام نہاد “آپریشن سندور” ناکام ہوا اور دشمن کا غرور خاک میں مل گیا۔ ان کے مطابق قومی اتحاد، جدید دفاعی صلاحیتوں اورافواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت نےدشمن کوشکست دی۔اس موقع پرایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کےساتھ سیسہ پلائی ی دیوارکی مانند کھڑی ہے۔ ایم این اے ارم حامد حمید نےکہا کہ بھارت کوسفارتی،سائبراور عسکری ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی ایک تاریخی کامیابی ہے۔
ایم این اے بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے تاریخی معرکوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔تقریب میں ملی نغمے، ٹیبلو اور خصوصی پروگرام پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔ بعد ازاں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، عوامی نمائندگان، شہریوں، طلبہ، سول سوسائٹی اور سرکاری افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور “پاک فوج زندہ باد”، “پاک فضائیہ پائندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔


