جناح ٹاؤن یوسی 7 میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، شہری سہولیات کی بہتری کا عزم

کراچی(بولونیوز)جناح ٹاؤن یوسی 7 میں شاہین پارک اور اطراف کی گلیوں میں ترقیاتی منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں حافظ نعیم الرحمٰن امیر جماعت اسلامی پاکستان، اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ، ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع، یوسی چیئرمین سلیم عمر اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یہاں کے شہری بہتر بنیادی سہولیات کے مکمل طور پر مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود جناح ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل جاری ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرف آباد، بہادرآباد اور دیگر علاقوں میں سڑکوں، گلیوں، سیوریج اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری عوامی خدمت کا عملی ثبوت ہے۔

اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع اور یوسی 7 کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جناح ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبے منظم انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف یونین کونسلز میں سڑکوں، گلیوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر ایک اہم پیش رفت ہے اور تمام منصوبے مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے۔

چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے اس موقع پر بتایا کہ یوسی 7 اور یوسی 8 کے علاقوں میں سڑکیں اور بنیادی انفراسٹرکچر ماضی میں انتہائی خستہ حال تھے، تاہم پہلی مرتبہ شرف آباد کی تمام گلیوں، سڑکوں اور مین روڈز کی مکمل کارپیٹنگ کی گئی ہے جس سے علاقے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جسے مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *