پاکستان کی بڑی ٹریکٹر ساز کمپنی ملت ٹریکٹرز کا الیکٹرک بائیک کی تیاری پر غور
کراچی(بولونیوز) پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر ساز کمپنی ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے ملک میں الیکٹرک بائیک کی تیاری کے امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمعرات کے روز بھیجے گئے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ نوٹس کے مطابق الیکٹرک موٹرسائیکل کے شعبے میں داخلے سے متعلق حالیہ مارکیٹ قیاس آرائیوں کے جواب میں کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس کے گروپ کی ایک کمپنی اس وقت پاکستان میں ای وی بائیکس کی پیداوار کی فزیبلٹی کا جائزہ لے رہی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ مارکیٹ کے امکانات اور تکنیکی جائزے کے بعد کیا جائے گا۔
کمپنی ذرائع کے مطابق اگر یہ منصوبہ آگے بڑھا تو یہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کی ترقی میں ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔


