پاور سیکٹر کے افسران و ملازمین کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ
اسلام آباد(بولونیوز) پاور سیکٹر میں افسران اور ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاور انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی نے بلنگ سسٹم میں ضروری ترامیم مکمل کر کے تمام کمپنیوں کے سربراہان کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بلنگ کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی ہیں، جس کے بعد مفت بجلی کی فراہمی کا نظام ختم کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپڈیٹ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے بلنگ سائیکل سے افسران و ملازمین کو ملنے والی فری بجلی کی سہولت بند کر دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد نظام میں شفافیت لانا اور غیر ضروری مراعات کا خاتمہ ہے، جبکہ آئندہ بلنگ مکمل طور پر نئے نظام کے تحت کی جائے گی۔


