کیٹل کالونی میں بنیادی سہولیات کا فقدان، علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار

کراچی(بولونیوز)کیٹل کالونی اور ملحقہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔
علاقے میں صاف پانی، گیس اور بجلی کی مناسب فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔

علاقہ مکینوں کےمطابق گلیاں خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ نکاسی آب کا نظام بھی ناکارہ ہے۔ شہری دور دراز سے پانی لانے پر مجبور ہیں اورگھریلوضروریات گیس سلنڈرکےذریعے پوری کی جا رہی ہیں۔ رات کےوقت بجلی کی بندش کے باعث اندھیرا معمول بن چکا ہے۔اس موقع پر ایڈووکیٹ افتخار احمد اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنے نمائندوں کو بنیادی مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیے، لیکن افسوس ہے کہ عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

آصف نواز اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر علاقے میں پانی، گیس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ایڈووکیٹ خلیل احمد اعوان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف ایک علاقے کا نہیں بلکہ شہر بھر میں بنیادی سہولیات کی کمی ایک سنگین صورتحال اختیار کر رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *