ملک بھر میں گیس کے نئے کنکشنز پر دوبارہ پابندی کا فیصلہ
لاہور(بولونیوز)ملک بھر میں گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے گیس کے نئے کنکشنز کی فراہمی پر ایک بار پھر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کے نئے کنکشنز فی الحال جاری نہیں کیے جائیں گے۔ اس پابندی کا اطلاق تمام اقسام کے صارفین پر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں نئے گیس کنکشنز کی فراہمی پر عائد پابندی چند ماہ قبل ختم کی گئی تھی، تاہم اب اسے دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ نئے کنکشنز مہنگی ریگیسی فائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (RLNG) کے ذریعے فراہم کیے جا رہے تھے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق یہ اقدام ایل این جی کے موجودہ بحران کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ دو ہفتوں میں صورتحال بہتر ہوئی تو دوبارہ درخواستیں وصول کی جائیں گی، تاہم اگر بحران برقرار رہا تو پابندی کو مستقل کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔


