امریکی حکام خطے کو فوجی دھمکیاں دینا بند کریں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
تہران(بولونیوز)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کی جانب سے ایران سے ہتھیار ڈالنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسلمان پہلے ہی خدا کے سامنے سر جھکا چکے ہیں، اب کوئی اور ہمیں جھکا نہیں سکتا۔
عراقی وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کے دوران ایرانی صدر نے اس امر پر زور دیا کہ امریکا کے حکام خطے کو فوجی دھمکیاں دینا بند کریں اور کشیدگی میں کمی کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔
ایک علیحدہ بیان میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اخلاق کے بغیر طاقت کھوکھلی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں افراتفری، جبر، ناانصافی اور لاقانونیت سیاست کو محض طاقت تک محدود کرنے کا نتیجہ ہے۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران خود کو ایک بااخلاق اور ذمہ دار طاقت کے طور پر پیش کر رہا ہے، جبکہ ایران کے مخالفین بے لگام اور غیر ذمہ دار قوت کی علامت بن چکے ہیں۔


