ایف بی آر کو 649 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا
اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو جولائی تا اپریل 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 649 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ایف بی آر کی خالص ٹیکس کلیکشن 10 ہزار 261 ارب روپے رہی ہے، جبکہ اسی عرصے میں 499 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں 5 ہزار 83 ارب روپے، سیلز ٹیکس میں 3 ہزار 425 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 672 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1 ہزار 79 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔
اپریل 2026 کے دوران ایف بی آر کی خالص ٹیکس آمدن 956 ارب روپے سے زائد رہی، جس میں انکم ٹیکس 446 ارب روپے، سیلز ٹیکس 320 ارب روپے، اور کسٹمز ڈیوٹی 125 ارب روپے شامل ہیں، جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں آمدن تقریباً 64 ارب روپے رہی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ریونیو کلیکشن میں مجموعی طور پر 10 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں گروتھ 13 فیصد تھی۔


