پاکستان کی کوششوں سے جنگ بندی ہوئی، توسیع بھی کی گئی جو تاحال برقرار ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جس میں بعد ازاں توسیع بھی کی گئی اور یہ تاحال برقرار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں پیش آنے والے اہم واقعات پر کابینہ کو مسلسل اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ 11 اپریل کو ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکراتی عمل کا آغاز ہوا، جس کے دوران فریقین کے درمیان 21 گھنٹے طویل نشست ہوئی۔ ان کوششوں کے نتیجے میں سیزفائر ممکن ہوا اور اس میں توسیع بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششیں بھی قابلِ ستائش ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور اہم مذاکرات ہوئے۔
وزیراعظم کے مطابق اس صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان کے درآمدی بل پر بھی اثر پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی جلد ختم ہوگی اور پائیدار امن قائم ہوگا، جبکہ پاکستان کی امن کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *