بانی پی ٹی آئی بلاوجہ جیل میں ہیں، نظریہ قید نہیں کیا جا سکتا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
پشاور(بولونیوز)پشاور میں سینیٹر آف ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف بلاوجہ جیل میں ہیں، تاہم ان کا نظریہ قید نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی ہے اور انہیں اپنی قانونی ٹیم اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
سہیل آفریدی کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت بانی کے نظریے کو عملی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہے اور عوام پر خرچ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی اداروں سے فرسودہ کورسز ختم کیے جا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری حکومت کا اہم مشن ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور افسران کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی سفارش کو قبول نہ کیا جائے۔


