آر ایل این جی کے ذخائر میں تیزی سے کمی، گیس بحران شدت اختیار کر گیا
لاہور(بولونیوز)آر ایل این جی کی فراہمی میں تعطل کے باعث ملک میں گیس کا بحران شدید ہوتا جا رہا ہے۔ذرائع سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے مطابق آر ایل این جی کے موجودہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پاور اور کھاد کے شعبے کو گیس کی فراہمی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر گھریلو صارفین کو بھی گیس سپلائی میں کمی کا سامنا ہے۔ موجودہ حالات میں گیس کی مجموعی فراہمی کم ہو کر 700 ملین کیوبک فٹ یومیہ رہ گئی ہے، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی سے قبل یہ مقدار روزانہ 1200 ملین کیوبک فٹ تھی۔
سوئی ناردرن ذرائع کے مطابق اس وقت گیس کا مجموعی شارٹ فال 600 ملین کیوبک فٹ سے تجاوز کر چکا ہے، جس سے صنعتی اور گھریلو دونوں صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب سوئی گیس حکام کا مؤقف ہے کہ عوام کو کھانے کے تینوں اوقات میں گیس کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، تاہم مجموعی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔


