شہباز حکومت نےجنگ کو لوٹ مار کا ذریعہ بنا لیا؟ پیٹرولیم لیوی 107 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں بڑا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد لیوی کی مجموعی شرح 107 روپے 38 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول پر لیوی 80 روپے 61 پیسے فی لیٹر تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی میں اضافے کا فیصلہ حکومتی آمدن بڑھانے اور مالیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم اس اقدام کے نتیجے میں عام شہریوں کے لیے سفری اخراجات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
اپوزیشن اورعوامی حلقوں نےاس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں قائم حکومت نے موجودہ حالات کو عوام سے مزید وصولی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ ناقدین کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں اضافہ براہِ راست مہنگائی میں اضافے کا سبب بنے گا اور متوسط و غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔
دوسری جانب حکومتی مؤقف ہے کہ مشکل معاشی حالات میں سخت فیصلے ناگزیر ہیں اور ریونیو میں اضافے کے بغیر مالی استحکام ممکن نہیں۔ تاہم عوام کی جانب سے اس فیصلے پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔


