متحدہ عرب امارات نے ایران کو اسٹریٹجک خطرہ قرار دے دیا
متحدہ عرب امارات(بولونیوز)صدارتی مشیر انور قرقاش نے ایران کو خطے کے لیے ایک مستقل اسٹریٹجک خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اعتماد کی بحالی میں بہت طویل وقت لگے گا۔
فرانس کے شہر شانتئی میں منعقدہ عالمی پالیسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انور قرقاش کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں بداعتمادی مزید گہری ہو چکی ہے اور موجودہ حالات میں اعتماد کی فضا بحال ہونا آسان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے تقریباً 2800 میزائل اور ڈرون حملوں میں سے 89 فیصد حملوں کا ہدف شہری آبادی، بنیادی ڈھانچہ اور توانائی کے نظام رہے، جو خطے کے استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انور قرقاش نے مزید کہا کہ ان اقدامات کے باعث خطے میں عدم اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب ایران کو ایک مستقل اسٹریٹجک خطرے کے طور پر دیکھا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں امن، استحکام اور تعاون کا خواہاں ہے، تاہم سلامتی کو درپیش خطرات پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔


