پینٹاگون کے قریب بسوں کا شدید تصادم، 10 فوجی اہلکاروں سمیت 23 افراد زخمی
واشنگٹن(بولونیوز)امریکا میں پینٹاگون کے قریب پیش آنے والے ایک بڑے حادثے کے بعد سیکیورٹی حکام میں کھلبلی مچ گئی اور ریڈ زون میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔
یہ حادثہ صبح تقریباً 7 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، تاہم حادثے کی وجوہات کا فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا۔ اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز، فائر بریگیڈ اور ایمبولینسوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق اومنی رائیڈ اور فیئر فیکس کنیکٹر کی بسیں میٹرو ایکسس روڈ پر آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 10 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔زخمیوں کو طبی معائنے اور علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ 5 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر حادثے کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔


