کچرہ اٹھانے کے تنازع پر فائرنگ، دو بچوں کا باپ قتل، دو افراد زخمی
کراچی(بولونیوز)لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب کچرہ اٹھانے کے تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں 50 سالہ شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں منیر نامی شخص جان کی بازی ہار گیا جو دو بچوں کا باپ اور پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور تھا۔ مقتول کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے میں گل بادشاہ اور اس کا بیٹا جنید بھی زخمی ہوئے ہیں، جو مقتول منیر کے مکان میں کرائے پر رہائش پذیر تھے۔عینی شاہدین اور اہل خانہ کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ کچرہ اٹھانے کے معاملے پر شروع ہونے والے جھگڑے کے دوران پیش آیا، جو بعد ازاں فائرنگ تک پہنچ گیا۔
متوفی کے بھائی بشیر کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ ان کے بھائی کو قتل کر دیا گیا ہے، جبکہ زخمی ہونے والے دونوں افراد بھی علاقے کے ہی رہائشی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ زخمی گل بادشاہ اور اس کا بیٹا جنید پولیس کی حراست میں ہیں۔پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


