اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی منتقلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28 اپریل کو طلب
اسلام آباد(بولونیوز)عدلیہ میں مبینہ مداخلت، ججز کو دھمکانے اور ہراساں کرنے کے خلاف سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو خط لکھنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کو دوسرے صوبوں میں ٹرانسفر کرنے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ججز کے تبادلوں کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس 28 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس دوپہر ایک بجے اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کریں گے، جبکہ کمیشن کے تمام اراکین اور چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز میں سے 2 ججز کو لاہور ہائیکورٹ جبکہ باقی 3 ججز کو بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کی ہائیکورٹس میں ٹرانسفر کرنے کی تجویز زیرِ غور آئے گی۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس بابر ستار سمیت دیگر دو ججز کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ججز کے تبادلوں کے حوالے سے غیر رسمی مشاورت کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ حتمی فیصلہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں متوقع ہے۔قانونی حلقوں میں اس اجلاس کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ یہ معاملہ عدالتی خودمختاری اور ججز کے تحفظ سے جڑا ہوا قرار دیا جا رہا ہے۔


