گھر کی چھت پر سوئے تین بچے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق، شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں
حیدرآباد(بولونیوز)سندھ کے شہر حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھر کی چھت پر سوئے ہوئے تین بچے ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ دلخراش واقعہ سب ڈویژن پھلیلی کے علاقے ٹنڈو طیب میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب میں شریک مہمان رات کے وقت گھر کی چھت پر سوئے ہوئے تھے۔ اسی دوران چھت کے قریب سے گزرنے والی 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی تاروں سے کرنٹ پھیل گیا، جس کے نتیجے میں تین بچے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچے شہدادپور سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے حیدرآباد آئے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ عبدالرحمان ولد کامران، 10 سالہ فرحان ولد فیروز اور 12 سالہ فیروز ولد فیروز شامل ہیں، جن میں دو سگے بھائی بھی شامل تھے۔
واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے تینوں بچوں کی لاشیں چھت سے اتار کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیں۔ المناک حادثے کے بعد شادی والے گھر میں خوشیوں کی جگہ کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بجلی کی خطرناک تاروں کے فوری حل اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


