ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہوگئی

واشنگٹن(بولونیوز)امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹ سینیٹرز کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کو چوتھی بار مسترد کر دیا ہے۔

قرارداد کے ذریعے یہ کوشش کی گئی تھی کہ ایران پر کسی بھی ممکنہ حملے سے قبل صدر کے لیے کانگریس سے منظوری لینے کی شرط لازمی قرار دی جائے، تاہم ریپبلکنز کی اکثریت نے صدر ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کی۔

سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران قرارداد کے حق میں 47 جبکہ مخالفت میں 52 ووٹ ڈالے گئے۔ اس فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ کو حاصل جنگی اختیارات برقرار رہیں گے اور وہ کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے کانگریس کی پیشگی اجازت کے پابند نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک نئی تجزیاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا میں اسرائیل کے لیے عوامی حمایت میں نمایاں کمی آ رہی ہے، جس کی بڑی وجہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نتین یاہو کو قرار دیا جا رہا ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق حالیہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مختلف سیاسی اور سماجی گروہوں میں اسرائیل کے حوالے سے رائے تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔

50 سال سے کم عمر ریپبلکن ووٹرز میں اسرائیل کے حق میں حمایت 4 سال قبل 28 اضافی پوائنٹس سے کم ہو کر 2025ء میں 2 مائنس پوائنٹس ہو گئی اور 2026 میں مزید گھٹ کر 16 پوائنٹس کی کمی تک پہنچ گئی ہے، جو 40 پوائنٹس سے زائد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *