سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا افسر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

کراچی(بولونیوز) محکمہ اینٹی کرپشن سندھ نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے انسپکٹر لطافت مرزا کو مبینہ طور پر 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یونس رند کی سربراہی میں کی گئی، جبکہ انسپکٹر وسیم الحسن اور انسپکٹر رضوان سھڑ بھی ٹیم کا حصہ تھے۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن امتیاز علی ابڑو کے مطابق کارروائی ایک شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔ ٹیم نے فوری طور پر جال بچھا کر ملزم کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر ہی گرفتار کر لیا، جبکہ رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار بلڈنگ انسپکٹر پر الزام ہے کہ وہ تعمیراتی کام رکوانے، نقشے کی خلاف ورزیوں کو نظرانداز کرنے اور غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ فراہم کرنے کے عوض شہریوں سے رقم طلب کرتا تھا۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ محکمہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *