سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر پاکستان کو موصول، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم

اسلام آباد(بولونیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے فنڈز موصول ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق یہ رقم سعودی عرب کی وزارتِ خزانہ کی جانب سے 15 اپریل 2026 کو پاکستان کو منتقل کی گئی۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جسے موجودہ مالی دباؤ کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنا ہے، جو اس وقت سرکاری زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً 18 فیصد بنتی ہے۔ تاہم سعودی عرب کی جانب سے موصول ہونے والی مالی معاونت کے باعث اس ادائیگی سے ذخائر پر پڑنے والا دباؤ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

معاشی ماہرین کے مطابق سعودی فنڈز کی آمد سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی بلکہ روپے پر دباؤ کم ہونے اور مالیاتی استحکام میں بھی مدد ملے گی۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ دوست ممالک کی یہ معاونت پاکستان کی معیشت کے لیے اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *