وفاقی ملازمتوں میں صوبائی کوٹہ پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ

اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے وفاقی ملازمتوں میں صوبائی کوٹہ سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے کوٹہ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ماضی میں ہونے والی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جا سکے۔ یہ فیصلہ سینیٹ کمیٹی برائے ڈیولوشن کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس پر عملدرآمد کے عمل کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 38(g) کے تحت وفاقی اداروں میں تمام صوبوں کی منصفانہ نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ اس مقصد کے لیے تمام وزارتوں میں سینٹرلائزڈ کوٹہ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو صوبہ وار نمائندگی کا مکمل جائزہ لیں گی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے خالی آسامیوں پر بلوچستان اور سندھ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دینے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خودمختار اداروں اور سرکاری کارپوریشنز میں بھی صوبائی کوٹہ پر عملدرآمد کو لازم قرار دیا گیا ہے۔

نئی بھرتیوں کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی کوٹہ کی کسی بھی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ کوٹہ سسٹم کی نگرانی کے لیے سخت مانیٹرنگ میکانزم متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

مزید برآں تمام وزارتوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر سہ ماہی اپنی کارکردگی رپورٹ پی پی اے آر سی کو جمع کرائیں۔ حکومتی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد وفاقی اداروں میں علاقائی توازن برقرار رکھنا اور تمام صوبوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *