پیمرا کا نجی ٹی وی چینل 24 نیوز کو شوکاز نوٹس، متنازعہ مارننگ شو کلپ پر کارروائی
اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل 24 نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ کارروائی چینل پر نشر ہونے والے مارننگ شو میں وائرل ہونے والے ایک متنازعہ کلپ اور نامناسب گفتگو کے باعث کی گئی ہے۔
پیمرا کے مطابق مذکورہ پروگرام میں میزبان فضا علی کی گفتگو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آئی، جسے ناظرین کی جانب سے اخلاقی حدود کے منافی اور پیمرا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ وائرل کلپ سامنے آنے کے بعد پیمرا کو متعدد شکایات موصول ہوئیں، جس پر ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے چینل انتظامیہ سے وضاحت طلب کی ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نشریاتی ادارے پروگرام کے مواد کے ذمہ دار ہوتے ہیں اور ایسے مواد کی نشریات کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو معاشرتی اقدار، اخلاقیات اور پیمرا قوانین کے خلاف ہو۔ پیمرا نے 24 نیوز کو مقررہ مدت کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیمرا کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مارننگ شوز میں موضوعات اور گفتگو کے دوران خاص احتیاط برتی جائے تاکہ ناظرین، خصوصاً خاندان اور نوجوان طبقے پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔


