میٹرک امتحانات میں نقل،فی پرچہ 5 ہزار روپے لینےوالےٹیچرکےخلاف مقدمہ درج
کراچی(بولونیوز)بن قاسم ٹاؤن میں میٹرک امتحانات کے دوران نقل کی سہولت فراہم کرنے کے بدلے طلبہ اور والدین سے بھاری رقم لینے کے الزام میں ایک ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق Karachi Board of Secondary Education کے تحت ہونے والے امتحانات میں گریس اکیڈمی آف لرننگ سیکنڈری اسکول میں تعینات استاد حنیف ملک پر الزام ہے کہ وہ فی پرچہ 5 ہزار روپے وصول کر کے نقل کی سہولت فراہم کرتا تھا۔
محکمہ تعلیم کے افسر محمد قاسم کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھا کر تعلیمی نظام کو نقصان پہنچایا۔اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ اسکول کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے تاکہ امتحانی نظام کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔


