جنید اکبر کی دھمکی: حکومت نے روکا تو جلسہ وہیں شروع کر دیں گے
راولپنڈی(بولونیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے اگر جلسے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو کارکنان جلسہ وہیں شروع کر دیں گے۔
جنید اکبر نے اعلان کیا کہ 9 اپریل کو راولپنڈی میں بھرپور جلسہ کیا جائے گا اور ضابطے کے مطابق انتظامیہ کو درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی اجتماع کرنا عوام اور پارٹی کا آئینی حق ہے، اور اس حق سے محروم کرنا غیر آئینی اور غیر اخلاقی عمل ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایک جمہوری ملک میں سب سے بڑی سیاسی جماعت کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنا سراسر غلط ہے۔ جنید اکبر نے کہا کہ اگر حکومت جلسہ گاہ تک پہنچنے میں رکاوٹ ڈالتی ہے تو کارکنان کو واضح ہدایات ہیں کہ جہاں بھی قافلے کو روکا گیا، جلسہ وہیں شروع کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عوامی طاقت کے ذریعے جلسہ کامیاب بنایا جائے گا، ملک بھر سے قافلے راولپنڈی پہنچیں گے اور کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے جلسے کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کیا جائے۔


