یو اے ای اور یورو بانڈز کی ری پیمنٹ کے انتظامات مکمل: وزیر خزانہ
اسلام آباد(بولونیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ یو اے ای اور یورو بانڈز کی ری پیمنٹ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
میڈیاسے غیر رسمی گفتگو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی پالیسیوں کی تیاری ضروری ہے، زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم رکھا جائے گا اور آئی ایم ایف کے اہداف کے مطابق معاشی اقدامات جاری رہیں گے۔
محمد اورنگزیب نےکہا کہ پاکستان کی بروقت ادائیگیوں کے لیے جتنی کمٹمنٹس ہیں، وہ پوری کی جائیں گی۔ کمرشل فنانسنگ اور بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس حوالے سے بینکوں کے کنسورشیم سے بات چیت ہو رہی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ اپریل کےاختتام سےپانڈابانڈزکے اجرا کی دوبارہ تیاریاں شروع کی جائیں گی۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کیے جائیں، اور رواں مالی سال کے فنانسنگ اہداف کمٹمنٹ کے مطابق پورے ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ چونکہ یہ پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ پانڈا بانڈز کا اجرا ہے، اس لیے وقت لگ رہا ہے، اور خطے میں کشیدہ صورتحال کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پالیسیوں کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا گیا ہے، اور آئندہ دنوں میں اہم معاشی فیصلے اور بجٹ کی تیاری کی جائیں گی۔


