فضل الرحمان کا جمعہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف مظاہرے کا اعلان
پشاور(بولونیوز)مولانا فضل الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا۔
پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عام آدمی کا سکون حکمرانوں نے چھین لیا ہے اور جمعہ کو پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انگریز کے جانے کے بعد بھی ان کے قوانین کو مسلط کیا جا رہا ہے۔
فضل الرحمان نے حکومت کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی ہے اور حکمران امریکہ کے غلام ہیں، جو اس وقت اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے۔ ان کے مطابق جنگ کی وجہ سے پورا خلیج خطہ آزمائش سے گزر رہا ہے اور پاکستان بھی عالمی صورتحال سے متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 اپریل کو مردان سے کلمہ حق بلند کیا جائے گا اور انہوں نے پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز بھی دی تھی تاکہ عوام کے نمائندوں کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکی عوام نے سابق صدر ٹرمپ کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کے حکمران آج بھی ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کر رہے ہیں اور غلامانہ ذہنیت کے ساتھ حکومت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے پہاڑ عوام پر گرا دیے گئے ہیں، امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، صوبائی حکومت کی پالیسی ناکام ہے اور سود کے خاتمے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔


