حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم قیمتیں کم کر دی جائیں گی، حکومتی وزرا
اسلام آباد(بولونیوز) حکومتی وزرا نے اتحادی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ خطے میں حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی جائے گی۔
اس حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے اجلاس پر بیان جاری کیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
طارق فضل چودھری کے مطابق وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو موجودہ معاشی اور علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ اتحادی جماعتوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے آئندہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور اتحادیوں کو آگاہ کیا گیا کہ حالات معمول پر آتے ہی عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔


