اسلام آباد پولیس نے قیدیوں کے فرار کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں
اسلام آباد(بولونیوز)Islamabad Police نے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے فرار ہونے والے حوالاتیوں کی تفصیلات حاصل کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق حوالاتیوں کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ چکیاں کہوٹہ روڈ پر قیدی وین میں موجود حوالاتیوں نے آپس میں لڑائی جھگڑا شروع کر دیا۔ پولیس کے مطابق جب صورتحال پر قابو پانے کے لیے قیدی وین کا دروازہ کھولا گیا تو حوالاتیوں نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں اور افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق قیدی وین میں مجموعی طور پر 36 حوالاتی موجود تھے، جن میں سے 14 فرار ہوئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حوالاتی صائم اشتیاق، عاطف، زکریا اخلاق اور ولید عارف کو گرفتار کر لیا۔
مقدمے کے مطابق فرار ہونے والوں میں عاصم عبدالوہاب، احتشام، عدیل عباس، ضیغم حسین، دانش، اسد رحمان، عبدالرحمان، واحد عرف وحدی اور شامیر شامل ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حوالاتیوں نے مجرمانہ سازش اور مشترکہ نیت کے تحت پولیس پارٹی سے مزاحمت کر کے جرم کا ارتکاب کیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


