فرانس میں سڑکوں پر شراب نوشی پر پابندی لگ گئی
پیرس(بولونیوز)شدید ہیٹ ویو کے باعث فرانس کے نصف سے زائد حصے میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، کیوں کہ ملک بھر میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے بعد متعدد فرانسیسی شہروں نے سالانہ میوزک فیسٹیول کے تحت طے شدہ تقریبات بھی منسوخ کر دی ہیں۔
اسی دوران فرانسیسی حکام نے سڑکوں پر شراب نوشی پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور مقامی ایونٹ منتظمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق تقریبات میں تبدیلی کریں۔
فرانس اپنی حالیہ ہیٹ ویو کے دوران اب تک کے سب سے گرم دن کا سامنا کرنے والا ہے، جہاں شدید گرم رات کے بعد جنوب مغربی علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ شدید موسمی صورت حال 2003 کی ہیٹ ویو جتنی سنگین ثابت ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں تقریباً 15 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
فرانس تاریخی حد تک بلند درجہ حرارت کا سامنا کر رہا ہے، 23 جون کو فرانس بھر میں لاکھوں افراد شدید گرمی کے باعث پسینے میں شرابور ہو کر بیدار ہوئے، اس وقت ملک کی زیادہ تر آبادی انتہائی اور غیر معمولی درجہ حرارت کی زد پر ہے۔


