بلوچستان حکومت کا ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید علاج کے لیے امریکہ بھجوانے کا فیصلہ
کوئٹہ(بولونیوز)بلوچستان حکومت نے تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید اور خصوصی علاج کے لیے امریکہ بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرونِ ملک علاج کے لیے متعلقہ حکام کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں ضروری انتظامی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کا علاج اس وقت آغا خان اسپتال میں جاری ہے، جہاں مزید ایک ہفتے تک علاج و معالجہ جاری رکھا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں مزید خصوصی علاج کے لیے امریکہ منتقل کیا جائے گا۔
معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مکمل صحتیابی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔


