مفت نکاح اور رجسٹریشن! بڑی مشکل آسان ہوگئی

اسلام (بولونیوز) پاکستان آسان خدمت مرکز میں مفت نکاح اور رجسٹریشن لاؤنج قائم کردیا گیا ، جہاں تمام محکمے ایک ہی چھت تلے موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے وژن کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے وفاتی دارالحکومت کے جی نائن (G-9) سیکٹر میں واقع ‘پاکستان آسان خدمت مرکز’ میں ایک خصوصی اور مفت “میرج رجسٹریشن لاؤنج” کا افتتاح کر دیا ہے۔

یہ قدم عوامی خدمات کوعام شہریوں کےلیےآسان اور سستا بنانے کی مہم کا حصہ ہے۔حکام نے بتایا کہ اس نئی سہولت کی منفرد خصوصیات ہیں ، جہاں لاؤنج میں پُر امن اور منظم ماحول کے اندر شادی اور نکاح کی رجسٹریشن کا پورا عمل مکمل طور پر مفت سرانجام دیا جائے گا۔

شادی کی قانونی کارروائی کو فوری مکمل کرنے کے لیے اس لاؤنج میں سرکاری نکاح رجسٹرار کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنر آفس، نادرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے ایک ہی جگہ موجود ہوں گے۔

اس کے ساتھ ہی لاؤنج میں نکاح کے فوری بعد شادی کے تمام سفری اور قانونی ریکارڈ کو نادرا اور ڈی سی آفس کے ڈیٹا بیس میں اسی وقت پروسیس کر دیا جائے گا، جس سے شہریوں کو بعد میں سرکاری دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروس بنیادی طور پر اسلام آباد کے غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کو سپورٹ کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے، کیونکہ عام طور پر شہریوں کو نجی ہالز، ہوٹلوں یا دیگر مقامات پر نکاح کی تقریبات اور رجسٹریشن کے لیے بھاری اخراجات اور فیسیں ادا کرنا پڑتی ہیں۔

آسان خدمت مرکز کا یہ لاؤنج غریب خاندانوں کو ان اضافی اور بھاری اخراجات سے مکمل نجات دلائے گا۔خیال رہے رواں سال 15 جنوری کو اسلام آباد کے سیکٹر G-9 میں قائم اس جدید ‘پاکستان آسان خدمت مرکز’ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا تھا۔ یہ ایک ‘ون ونڈو پبلک سروس فیسیلٹی’ ہے جس کا مقصد شہریوں کو تیز ترین خدمات فراہم کرنا، دفتری کاغذات کے بوجھ کو کم کرنا اور متعدد سرکاری محکموں کو ایک ہی چھت تلے لانا ہے۔

یہ مرکز 12 مختلف سرکاری اداروں کے ذریعے 64 عوامی خدمات فراہم کر رہا تھا، جس میں نادرا، ٹیکس، پولیس دستاویزات اور اب میرج رجسٹریشن بھی شامل ہے، جبکہ مستقبل میں ان سروسز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *