اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا بڑی مشکل میں پھنس گئیں

لاہور(بولونیوز)اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال بڑی مشکل میں پھنس گئیں ، وکالت کا لائسنس معطل کرنے کے لیے پنجاب بار کونسل میں درخواست دائر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن خاتون وکیل رمشا اقبال کے خلاف پنجاب بار کونسل میں پروفیشنل مس کنڈکٹ کی تحریری شکایت دائر کر دی گئی ہے۔

یہ شکایت شہری کی جانب سے چیئرمین ڈسپلنری کمیٹی پنجاب بار کونسل کو بھجوائی گئی ہے، جس میں رمشا اقبال کے خلاف فوری انکوائری شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تحریری شکایت کے متن میں رمشا اقبال پر بار کونسل کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خاتون وکیل رمشا اقبال اپنے وکالت کے لائسنس کے ساتھ ساتھ ایک آسٹریلین کمپنی میں بطور آفس مینیجر فل ٹائم تنخواہ دار ملازمت بھی کرتی رہی ہیں۔

وکالت کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی وکیل لائسنس بحال رکھتے ہوئے کسی دوسرے ادارے میں باقاعدہ ملازم نہیں رہ سکتا ، اگر وہ ملازمت کرنا چاہے تو اسے اپنا وکالت کا لائسنس عارضی طور پر بار کونسل میں سرنڈر (معطل) کرانا ہوتا ہے، جو انہوں نے نہیں کیا۔

درخواست کے متن میں رمشا اقبال کی ملازمت کے دورانیے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہوہ مارچ 2023 سے اپریل 2026 تک مذکورہ آسٹریلین کمپنی میں فل ٹائم ملازمت کرتی رہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ رمشا اقبال نے جان بوجھ کر قانون کا نام استعمال کرتے ہوئے رولز کی خلاف ورزی کی ہے، لہٰذا ان کے خلاف فوری طور پر انکوائری کا آغاز کیا جائے اور ان کا وکالت کا لائسنس فی الفور معطل کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *