آپریشن غضبُ الحق دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت سے جاری ہے، وزیراعظم شہباز شریف

کوئٹہ(بولونیوز)کوئٹہ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن غضبُ الحق دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے، اور ریاست پاکستان امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افسران سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابیوں پر پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں ذمہ دارانہ اور محتاط رویہ اختیار کیا، تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کشمیر اور فلسطین کے عوام سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دورے کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کی آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا، جبکہ دورے کو قومی سلامتی اور پیشہ ورانہ عسکری تربیت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *