میرپورخاص میں تین لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

کراچی(بولونیوز)ضیاء الحسن لنجار نے میرپورخاص میں تین لڑکیوں کے مبینہ اغوا کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغوی لڑکیوں کی جلد از جلد بازیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہونے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *