مولانا فضل الرحمان: عالمی حالات کے نام پر مہنگائی نے عوام کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا
کراچی(بولونیوز)مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی حالات کو جواز بنا کر عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، جس کے باعث عام آدمی اپنی محنت کی کمائی سے بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنے سے بھی قاصر ہو چکا ہے۔
کراچی پریس کلب کے پروگرام “میٹ دی پریس” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران طبقات نہ امن و امان کے قیام میں سنجیدہ ہیں اور نہ ہی عوامی معاشی مسائل کے حل میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی کے بوجھ تلے عوام مسلسل دباؤ کا شکار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحرانوں سے گزر رہا ہے، جبکہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں ناکام نظر آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مارشلائی ادوار میں آئینی تبدیلیاں ہوتی رہیں، اس لیے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق ان کی جماعت جمہوریت کے تحفظ کے لیے تحریک چلا رہی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ سیاست دانوں کے باہمی اختلافات اور کمپرومائزز کے باعث جمہوری نظام کمزور ہوا ہے، اور اس وقت کسی سے انتخابی اتحاد یا پی ٹی آئی سے مذاکرات کا کوئی امکان موجود نہیں۔


