روس کی تین روزہ بڑے پیمانے پر جوہری مشقیں شروع، ہزاروں فوجی شریک
ماسکو(بولونیوز) روس نے ملک بھر میں تین روزہ بڑے پیمانے پر جوہری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے، جن میں ہزاروں فوجی حصہ لے رہے ہیں۔
یہ مشقیں ایسے وقت میں شروع کی گئی ہیں جب یوکرین کی جانب سے روسی سرزمین پر ڈرون حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ روسی صدر کے چین کے اہم دورے کی تیاری بھی جاری ہے۔
روس کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق 19 سے 21 مئی 2026 تک مسلح افواج جوہری افواج کی تیاری اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کے جواب میں ان کے استعمال سے متعلق خصوصی مشقیں کر رہی ہیں۔
یوکرین کے ساتھ چار سال سے زائد عرصے سے جاری کشیدگی کے دوران ماسکو متعدد بار اپنے جوہری ہتھیاروں کی نمائش کر چکا ہے اور ان کے ممکنہ استعمال سے متعلق بیانات بھی دیتا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یہ مشقیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب امریکہ اور روس کے درمیان آخری جوہری معاہدہ “نیو اسٹارٹ” ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد دونوں بڑی طاقتیں کسی بھی پابندی کے بغیر اپنے جوہری پروگرام آگے بڑھا رہی ہیں۔
مشقوں میں جنگی طیارے، بحری جہاز اور روایتی و ایٹمی آبدوزیں بھی حصہ لے رہی ہیں، جبکہ اس اقدام کو عالمی سطح پر انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


