حکومتِ سندھ نے عید الاضحیٰ پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے نیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے، جس کے تحت سخت پابندیاں اور واضح شرائط عائد کی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جبکہ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں اور مدارس کو ہی کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی کالعدم تنظیم کو کسی دوسرے نام سے بھی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سندھ بھر میں کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے، بینرز کے استعمال، لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات اور گاڑیوں پر جھنڈے لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضابطے کے مطابق زبردستی یا طاقت کے زور پر کھالیں جمع کرنا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق شرائط کی خلاف ورزی پر کھالیں ضبط کر کے منظور شدہ فلاحی اداروں کو دی جائیں گی، جبکہ پولیس کو فوری مقدمات درج کرنے کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران 10 سے 12 ذوالحج تک لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ صوبے بھر میں اجتماعی قربانی کے لیے ڈپٹی کمشنرز سے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


