زندگی میں پہلی مرتبہ موٹرسائیکل چلانے والے مرتضیٰ وہاب نے موٹر سائیکل ہی گرادی
کراچی(بولونیوز)زندگی میں پہلی مرتبہ موٹر سائیکل چلانے والے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے موٹر سائیکل ہی گرادی۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ایک اہم میٹنگ میں شرکت کے لیے الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ کے ایم سی ملازمین کو 20 الیکٹرک بائیکس فراہم کر دی گئی ہیں اور جلد مزید بائیکس بھی دی جائیں گی۔
میئر کا کہنا تھا کہ وہ عام طور پر سائیکل چلاتے رہے ہیں لیکن زندگی میں پہلی بار موٹر سائیکل چلائی ہے۔پہلی بار موٹر سائیکل چلانے کا تجربہ مرتضیٰ وہاب کے لیے تھوڑا بھاری بھی ثابت ہوا، کیونکہ توازن برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے انہوں نے بائیک گرا بھی دی۔دلچسپ بات یہ رہی کہ شہریوں کے خلاف ہیلمٹ نہ پہننے پر سخت کریک ڈاؤن کرنے والی پولیس میئر کراچی کو روکنا بھول گئی۔
مرتضیٰ وہاب بغیر ہیلمٹ بائیک چلاتے ہوئے سندھ اسمبلی پہنچے، جہاں انہوں نے خود دو خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا، جس میں بغیر ہیلمٹ بائیک چلانا اور موٹر سائیکل کا لائسنس نہ ہونا شامل تھی۔میئر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ “اب ہیلمٹ بھی لوں گا اور لائسنس کے لیے بھی اپلائی کروں گا۔”


